24 جون 2015 - 03:06
دنیا میں پہلی مرتبہ سائبر حملے نے ایئر پورٹ بند کر وا دیا،دنیا بھر کے ایئرپورٹس کیلئے خطرے کی گھنٹی بج گئی

دہشت گرد تنظیمیں اپنے مذموم مقاصد کی برآوری کے لیے سوشل میڈیا اور جدید ٹیکنالوجی کا بھرپور استعمال کر رہی ہیں، مغربی ممالک سے حیران کن حد تک نوجوانوں ، خصوصاً خواتین کا داعش سے منسلک ہونے کے لیے شام جانا اس کی ایک واضح مثال ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق دہشت گرد تنظیمیں اپنے مذموم مقاصد کی برآوری کے لیے سوشل میڈیا اور جدید ٹیکنالوجی کا بھرپور استعمال کر رہی ہیں، مغربی ممالک سے حیران کن حد تک نوجوانوں ، خصوصاً خواتین کا داعش سے منسلک ہونے کے لیے شام جانا اس کی ایک واضح مثال ہے۔ گزشتہ روز ہیکرز نے پولینڈ کے وارسا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے کمپیوٹر سسٹم پر حملہ کیا اور 10ملکی و غیر ملکی پروازوں کو گراﺅنڈ ہونے پر مجبور کر دیا جس سے 1400سے زائد مسافر متاثر ہوئے۔ درجنوں دیگر پروازیں بھی ملتوی کر دی گئیں۔

پولش حکام کے مطابق ہیکرز کے اس اقدام کا مقصد دہشت گردی کے مقاصد کے لیے طیاروں کو ہائی جیک کرنا ہو سکتا ہے۔
مقامی وقت کے مطابق تقریباً 4بجے ایئرپورٹ کے کمپیوٹرز پر حملہ ہوا، ماہرین کو سسٹم ٹھیک کرنے میں 5گھنٹے سے زائد کا عرصہ لگا۔ پولینڈ کی سرکاری فضائی کمپنی ایل او ٹی کے ترجمان ایڈرین کوبکی کا کہناتھا کہ یہ اپنی نوعیت کا پہلا حملہ ہے، خدشہ ہے کہ مستقبل میں دیگرممالک بھی اس قسم کے حملوں سے دوچار ہو سکتے ہیں۔ایل او ٹی نے متاثر ہونے والے بعض مسافروں کو دیگر پروازوں میں سوار کروا دیا، جنہیں ایئرپورٹ پر رکنا پڑا انہیں رہائش گاہ فراہم کی گئی ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں کا تاحال سراغ نہیں لگایا جا سکا لیکن خدشہ ہے کہ اس کارروائی کا مقصد دہشت گردی اور طیاروں کی ہائی جیکنگ ہو سکتا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

/169